برامپٹن میں کینسر کے مریضوں کیلئے مفت پروگراموں کی توسیع، 4 لاکھ 75 ہزار 900 ڈالر کی گرانٹ

برامپٹن(نمائندہ خصوصی) کینسر کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کیلئےخدمات فراہم کرنے والے ویلسپرنگ چنگواکی کو اونٹاریو ٹرلیم فاؤنڈیشن کی جانب سے 4 لاکھ 75 ہزار 900 ڈالر کی گرانٹ مل گئی۔

گرانٹ سے ویلسپرنگ کے کینسر سے متاثرہ افراد کیلئےمفت ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کے پروگراموں کو برامپٹن کے شمال مشرقی علاقے میں قائم مرکز سے بڑھا کر سینچری گارڈنز ریکریشن سینٹر اور شہر کے دیگر مقامات تک لے جایا جائے گا۔

فنڈز سے سائرل کلارک لائبریری برانچ میں تائی چی اور یوگا کی جسمانی سرگرمیوں کے پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔برامپٹن شہر کے مطابق ویلسپرنگ چنگواکی فاؤنڈیشن کو رواں سال شہر کے ایڈوانس برامپٹن فنڈ سے بھی 21 ہزار 250 ڈالر فراہم کیے گئے تھے۔

برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ ویلسپرنگ چنگواکی کینسر کے مریضوں اور ان کے خاندانوں کو اہم معاونت فراہم کرتا ہے، صوبائی سرمایہ کاری سے شہر کے مزید تفریحی مراکز میں مفت پروگرام دستیاب ہوں گے اور شہریوں کو اپنے گھروں کے قریب صحت و تندرستی کی خدمات تک رسائی حاصل ہوگی۔

ریجنل کونسلر گیل مائلز نے کہا کہ ویلسپرنگ چنگواکی کے بانی کی حیثیت سے وہ ادارے کے پروگراموں میں گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والی توسیع پر فخر محسوس کرتے ہیں، صوبائی سرمایہ کاری سے برامپٹن بھر میں کینسر سے متاثرہ مزید افراد اور خاندانوں کو ضروری معاونت مل سکے گی۔

ویلسپرنگ چنگواکی کینسر سپورٹ سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ربیکا ہیریسن کے مطابق ادارہ سالانہ تقریباً 600 خاندانوں کو خدمات فراہم کرتا ہے اور نئے پروگراموں سے مزید کینسر مریضوں تک رسائی ممکن ہوگی۔

برامپٹن شہر نے اونٹاریو حکومت سے دوسرے اسپتال اور برامپٹن سِوک اسپتال میں جامع کینسر کیئر سینٹر کے قیام کے مطالبے کو بھی دہرایا ہے، جبکہ تیسرے اسپتال کیلئےمنصوبہ بندی کی گرانٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔