لاہور (نامہ نگار)وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ہالینڈ کے جعلی ویزوں پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 2 مسافروں کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے امیگریشن نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کے سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران ویزے جعلی پائے جانے پر حراست میں لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار مسافروں کی شناخت قیصر منیر اور علی حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نے گجرات کے ایک ایجنٹ کے ذریعے ہالینڈ کے ویزے حاصل کیے تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے ایجنٹ کو 20، 20 لاکھ روپے ادا کیے تھے، جبکہ مزید 20، 20 لاکھ روپے دینا باقی تھے۔ایف آئی اے نے دونوں گرفتار مسافروں کو مزید تفتیش کیلئےانسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کردیا ہے، جبکہ ویزے فراہم کرنے والے ایجنٹ کیخلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔

