سیالکوٹ (نامہ نگار)سیالکوٹ میں ڈسکہ روڈ پر گزشتہ روز مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ 12 افراد زخمی ہیں۔ واقعے کے ایک روز بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے مقدمے میں ملزم عنصر جٹ سمیت 40 سے زائد افراد کو نامزد کیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئےچھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز ڈسکہ روڈ پر واقع کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا تھا، جہاں مہندی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں شرکت کے لیے عام دعوت دی گئی تھی جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے جانے تھے۔ اس سلسلے میں سیالکوٹ کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم پہنچے تھے۔
تقریب شروع ہونے سے قبل ہی گراؤنڈ میں لوگوں کا رش بڑھنے کے باعث بھگدڑ مچ گئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ آج پولیس کی جانب سے مقدمے کے اندراج اور گرفتاریوں کی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

