اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے آٹوموبائل کمپنی اسٹیلینٹس کی جانب سے برامپٹن میں گاڑیوں کی اسمبلی کا پلانٹ فروخت کرنے کے معاہدے کو کارکنوں اور ملک سے غداری قرار دیا ہے۔
مارک کارنی نے مونٹریال میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ برامپٹن پلانٹ کی صورتِ حال ناقابلِ قبول ہے اور اسٹیلینٹس نے مختلف معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صرف کارکنوں سے ہی نہیں بلکہ کینیڈا سے کیے گئے وعدوں سے بھی غداری ہے۔ وفاقی حکومت کارکنوں کے تحفظ اور سرکاری رقوم کی حفاظت کے لیے اپنے تمام قانونی اختیارات استعمال کرے گی۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ جمعرات کو اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقوں کا اجلاس ہوگا، جس میں اسٹیلینٹس، مزدوروں کی نمائندہ تنظیم یونائیفور اور حکومتی حکام شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اسٹیلینٹس نے برامپٹن میں اپنا بند پڑا گاڑیوں کی تیاری کا پلانٹ کینیڈین دفاعی گاڑیاں بنانے والی کمپنی روشیل کو فروخت کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
برامپٹن پلانٹ 2023ء سے بند ہے، جس کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد کارکن بے روزگار ہوئے تھے۔ یونائیفور نے اس فروخت کو کارکنوں کے ساتھ دھوکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کینیڈا کی گاڑیوں کی صنعت اور ہزاروں ملازمتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب اسٹیلینٹس کا کہنا ہے کہ وہ پلانٹ کو دوبارہ صنعتی سرگرمیوں کے لیے فعال بنانے اور یونین کے ساتھ ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔

