برامپٹن کے 45 بزرگوں کے کلبوں کی پیٹرک براؤن کی دوبارہ انتخابی مہم کی حمایت

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) برامپٹن میں بزرگ شہریوں کے کلبوں کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف سینئر کلبز اور شہر کے 45 کلبوں نے 26 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں میئر پیٹرک براؤن کی دوبارہ انتخابی مہم کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر جنگیر سنگھ سیہمبی کے مطابق تنظیم نے 2026 کے بلدیاتی انتخابات میں پیٹرک براؤن کی دوبارہ بطور میئر انتخابی مہم کی حمایت کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے۔ پیٹرک براؤن کی انتخابی مہم کے مطابق شہر کی تاریخ میں اس نوعیت کی مشترکہ حمایت کی یہ پہلی مثال ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حمایت کے فیصلے میں بزرگ شہریوں سے متعلق مختلف اقدامات کو مدنظر رکھا گیا ہے، جن میں اہل بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفری سہولت، 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت تفریحی رکنیت، برف ہٹانے کے اخراجات میں مالی معاونت، پارکوں، تفریحی مقامات اور کمیونٹی سہولتوں میں سرمایہ کاری، شہر میں دوسرے اسپتال کے قیام کی پیش رفت اور صحت کی سہولتوں میں توسیع شامل ہیں۔

جنگیر سنگھ سیہمبی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسوسی ایشن بزرگ شہریوں کے مفادات کے لیے کام جاری رکھے گی، جن میں اخراجات میں کمی، قابل رسائی سفری سہولتیں، صحت و تندرستی، سماجی سرگرمیوں میں شرکت، کمیونٹی کا تحفظ اور بلدیاتی خدمات تک بہتر رسائی شامل ہیں۔

دوسری جانب برامپٹن کے تمام 45 کلبوں کے سربراہان کے دستخطوں سے جاری مشترکہ کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ بزرگ شہریوں کے لیے ایسے اقدامات اہم ہیں جو انہیں فعال، سماجی طور پر مربوط اور خودمختار زندگی گزارنے میں مدد دیتے ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ میئر پیٹرک براؤن نے بزرگ شہریوں کے مسائل سنے ہیں اور ان کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

خط کے مطابق برامپٹن میں 2025 کے دوران بزرگ شہریوں کے لیے 20 ہزار مفت سفری پاس جاری کیے گئے، جبکہ 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں مزید 15 ہزار پاس جاری ہوئے۔ اسی طرح 2025 میں 15 ہزار مفت تفریحی رکنیتیں فراہم کی گئیں، جبکہ 2026 کے پہلے چھ ماہ میں 7 ہزار 100 رکنیتیں جاری کی گئیں۔

برف ہٹانے کے اخراجات میں مالی معاونت کے پروگرام کے تحت اہل شہری برف ہٹانے کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 300 ڈالر تک امداد حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ کونے والے پلاٹوں کے لیے یہ رقم 400 ڈالر تک ہے۔

میئر پیٹرک براؤن نے ایسوسی ایشن اور تمام 45 کلبوں کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بزرگ شہریوں کے لیے سفری سہولتوں، صحت و نگہداشت تک رسائی، سرگرم زندگی اور سماجی روابط کو بہتر بنانے کے لیے ان کی بات سنتے اور کام کرتے رہیں گے۔

45 کلبوں کے مشترکہ خط کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ دستخط کنندگان 2026 میں برامپٹن کے میئر کے طور پر پیٹرک براؤن کے دوبارہ انتخاب کی حمایت کرتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کا باضابطہ بیان اور تمام 45 کلبوں کے ناموں اور دستخطوں پر مشتمل خط بھی جاری کیا گیا ہے۔