لندن (میٹروپولیٹن پولیس/پی ٹی آئی) برطانیہ کے علاقے ہیز، مغربی لندن میں 24 سالہ بھارتی نژاد کرن دیپ کور کو ان کے گھر میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ ایک نوجوان مرد زخمی حالت میں ملا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق واقعے کے سلسلے میں 44 سالہ ڈینیئل شون جیمز کو گرفتار کر کے اس پر قتل، اقدامِ قتل اور دھاردار ہتھیار رکھنے کی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن دیپ کور حملے کے وقت سو رہی تھیں، جبکہ ان کے شوہر زخمی حالت میں گھر کے باہر ملے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کمرے میں داخل ہوا اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا۔ خاندان نے واقعے کو نسلی تعصب پر مبنی حملہ قرار دیا ہے، تاہم میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ یہ نفرت پر مبنی جرم تھا، اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن دیپ کور تقریباً دو سال قبل اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ آئی تھیں، بعد ازاں انہیں ورک پرمٹ مل گیا تھا اور وہ وہیں ملازمت کر رہی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق چند ہفتے قبل ہی ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

