برطانیہ میں تربیتی مشق کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ، بحریہ کے 3 اہلکار ہلاک

لندن( برطانوی وزارتِ دفاع، اسکائی نیوز، الجزیرہ)برطانیہ کے جنوب مغربی علاقے ڈیون میں تربیتی مشق کے دوران ہیلی کاپٹر گرنے سے برطانوی بحریہ کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

برطانوی وزارتِ دفاع نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حادثہ بدھ کی صبح ڈیون کے علاقے سورٹن کے قریب پیش آیا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز میں شریک تھا۔

برطانوی بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً چار بجے پیش آیا، جس کے بعد امدادی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔برطانوی بحریہ کے سربراہ Gwyn Jenkins نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔برطانوی وزیرِاعظم Keir Starmer نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ متاثرہ خاندانوں کے لیے انتہائی تشویش اور غم کا وقت ہے، جبکہ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حادثے کا مقام اہم بحری تنصیبات کے قریب واقع ہے، جن میں HMNB Devonport بھی شامل ہے، جو مغربی یورپ کا سب سے بڑا بحری اڈہ سمجھا جاتا ہے۔وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ جاں بحق اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی درخواست پر مزید معلومات جاری کرنے سے قبل انہیں کچھ وقت دیا جائے گا۔