لندن(برطانوی محکمہ موسمیات، مقامی میڈیا)برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر کے باعث محکمہ موسمیات نے انگلینڈ اور ویلز کے مختلف علاقوں کیلئے ریڈ وارننگ جاری کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرمی کی حالیہ لہر کے دوران درجہ حرارت 30 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث عوام کو غیر ضروری سفر اور دھوپ میں زیادہ دیر رہنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات نے اس سے قبل شدید گرمی کے خطرات کے پیش نظر ایمبر وارننگ بھی جاری کی تھی، تاہم صورتحال مزید سنگین ہونے پر ریڈ وارننگ نافذ کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق ریڈ وارننگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ شدید گرمی انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، جبکہ بجلی، سڑکوں اور ریلوے نظام کی کارکردگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ریڈ وارننگ وسطی انگلینڈ، جنوبی انگلینڈ، جنوب مشرقی انگلینڈ اور جنوبی ویلز کے علاقوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔حکام نے شہریوں، خصوصاً بزرگوں، بچوں اور طبی مسائل سے دوچار افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

