لندن (خبر ایجنسیاں) برطانوی حکومت نے اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون رکھنے اور استعمال کرنے پر پابندی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت طلبہ کو پورے تعلیمی دورانیے میں موبائل فون اپنے بیگ یا جیب میں رکھنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
برطانوی وزیر تعلیم لوسی پاول نے 10 نومبر کو اعلان کیا کہ حکومت اسکولوں کو مکمل طور پر موبائل فون سے پاک بنانے کے لیے نئی اور سخت ہدایات جاری کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں طلبہ کی توجہ تعلیم اور باہمی میل جول پر ہونی چاہیے، نہ کہ موبائل فون پر۔
حکومت کے مطابق موجودہ پابندی کے باوجود صرف 16 فیصد ثانوی اسکولوں کے طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کے تعلیمی اداروں میں موبائل فون سے متعلق قواعد پر ہر وقت عمل درآمد ہوتا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت اسکولوں کو ایسے انتظامات کرنے کی ترغیب دی جائے گی جن کے ذریعے طلبہ پورے تعلیمی دن موبائل فون تک رسائی حاصل نہ کرسکیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ نئی ہدایات کا اطلاق ستمبر 2027ء سے ہوگا، تاہم طبی ضروریات اور خصوصی تعلیمی تقاضوں کے حامل طلبہ کے لیے مناسب استثنیٰ برقرار رکھا جائے گا۔

