بنوں(سیکیورٹی ذرائع)بنوں کے علاقے میریان میں پاک فوج، پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے مشترکہ آپریشن میں 2 اہم خارجی سرغناؤں سمیت 16 خارجی ہلاک کر دیے گئے جبکہ مقابلے کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز خفیہ اطلاعات پر میریان کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی شروع کی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور متعدد دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ زمری نور اور افغان خارجی کمانڈر عبداللّٰہ سعید بھی شامل ہیں، جو علاقے میں دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ کارروائی کے دوران خوارج کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے جبکہ اسلحہ اور دیگر سامان بھی قبضے میں لیا گیا۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جنہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں بہادری سے حصہ لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئےتمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

