راجستھان (ٹائمز آف انڈیا، بھارتی میڈیا)بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جیسلمیر میں فوجی اسٹیشن کے قریب بھارتی فوج کی اسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑی اونٹ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 30 سالہ میجر حمزہ عارف ہلاک جبکہ 2 لیفٹیننٹ زخمی ہوگئے۔
ٹائمز آف انڈیا اور دیگر بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ جمعرات کی شب اس وقت پیش آیا جب تین فوجی افسر شہر سے فوجی اسٹیشن واپس جا رہے تھے۔ فوجی عجائب گھر کے قریب ایک اونٹ اچانک گاڑی کے سامنے آ گیا، جس سے ٹکرانے کے بعد گاڑی کئی بار الٹ گئی اور تقریباً 100 میٹر تک گھسٹتی چلی گئی۔ حادثے میں اونٹ بھی موقع پر ہلاک ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق فوجی اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور تینوں افسروں کو گاڑی سے نکال کر فوجی اسپتال منتقل کیا، جہاں میجر حمزہ عارف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ زخمی لیفٹیننٹ ابھینیو راٹھور اور لیفٹیننٹ آیوشمان زیرِ علاج ہیں، تاہم ان کی حالت کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر فوجی حدود کی دیوار کے قریب جا کر رکی، جبکہ میجر حمزہ عارف کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے جواہر اسپتال منتقل کر دی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میجر حمزہ عارف کا تعلق مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے تھا اور ان کی شادی ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔

