چنئی (این ڈی ٹی وی، پی ٹی آئی، ٹائمز آف انڈیا، دی پرنٹ، ڈی ٹی نیکسٹ) بھارت میں سابق وفاقی وزیر ایم کے الاگیری کی بیٹی کیال وِزہی الاگیری کیخلاف اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے برانچ منیجر کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے اور دھمکانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا اور پولیس کے مطابق واقعہ چنئی کے علاقے اڈیّار میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی این آر آئی برانچ میں پیش آیا، جہاں بینک منیجر ہرشین سنگھ سے بحث کے دوران کیال وِزہی نے مبینہ طور پر انہیں تھپڑ مار دیا۔ واقعے کی ویڈیو بینک میں نصب نگرانی کیمرے میں بھی محفوظ ہوگئی۔
پولیس کے مطابق تنازع کی ابتدا تجارتی عمارت کی خراب لفٹ کی مرمت کے معاملے پر ہوئی۔ بینک کی مذکورہ عمارت کی مالکن کیال وِزہی ہیں، جبکہ بینک منیجر نے لفٹ خراب ہونے پر ان سے مرمت کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق عمارت کے مالک کے نمائندے کی جانب سے شکایت کا ازالہ نہ ہونے پر بینک منیجر نے براہِ راست کیال وِزہی سے رابطہ کیا، جس پر وہ بینک پہنچیں اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اسی دوران مبینہ طور پر انہوں نے منیجر کو تھپڑ مارا اور دھمکایا۔
پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے چیف منیجر کی شکایت پر کیال وِزہی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ نگرانی کیمرے کی ویڈیو کو بھی شواہد میں شامل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

