فرید آباد ( بھارتی میڈیا)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریبی علاقے فرید آباد میں 21 سالہ ریاستی سطح کے بیڈمنٹن کھلاڑی مونو کو مبینہ طور پر ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ تعلقات کے شبے میں تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مونو ریاست راجستھان کا رہائشی تھا اور حال ہی میں بارہویں جماعت کے امتحانات دے چکا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ضلعی سطح پر بیڈمنٹن کے کئی تمغے بھی جیت چکا تھا۔
پولیس کے مطابق رواں برس اپریل میں مونو ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ گھر سے چلا گیا تھا، جس کے بعد لڑکی کے والد نے اس کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ بعد ازاں لڑکی کو بازیاب کر لیا گیا جبکہ مونو لاپتہ ہو گیا تھا۔
مقتول کے چچا نریندر نے الزام عائد کیا ہے کہ مونو 17 مئی کو پولیس تفتیش میں شامل ہونے گیا تھا، جہاں سے لڑکی کے اہلِ خانہ نے اسے اغوا کر لیا اور تین روز تک تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق 20 مئی کو اہلِ خانہ کو اطلاع دی گئی کہ مونو زخمی حالت میں لڑکی کے گھر کے باہر ملا ہے، جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

