عارف والا (نامہ نگار)پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے قصبے قبولہ شریف میں تعلقات سے انکار پر نوجوان نے مبینہ طور پر 18 سالہ لڑکی مریم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے وہ بری طرح جھلس گئی۔ متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی گلی سے گزر رہی تھی کہ ملزم عدیل نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث لاہور ریفر کردیا گیا۔
متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کے مطابق مریم کی چند روز بعد شادی ہونے والی تھی۔پولیس تھانہ قبولہ نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ نامزد ملزم عدیل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

