لاہور (نمائندہ خصوصی)پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تین ماہ کی چھٹیوں کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے عدالتِ عالیہ میں درخواست دائر کی ہے جس میں پنجاب حکومت، محکمہ اسکول ایجوکیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے تین ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جو طلبہ کی تعلیم پر منفی اثر ڈالے گا۔ پاکستان میں تعلیمی سال پہلے ہی محدود ہے جبکہ دیگر ممالک میں تعلیمی دورانیہ زیادہ ہوتا ہے، اسلئےطویل چھٹیاں تعلیمی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تین ماہ کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور گرمیوں کی چھٹیاں 6 سے 8 ہفتوں تک محدود کرنے کا حکم دیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق اس درخواست پر کل سماعت کریں گے۔

