تل ابیب: ٹرمپ نے لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا: نیتن یاہو

تل ابیب (عرب میڈیا)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، جس پر انہوں نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی کابینہ سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے جنگ بندی کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے اور دونوں ممالک سیز فائر پر آمادہ ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران جنگ کے تناظر میں اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 2 ہزار 164 افراد جاں بحق جبکہ 7 ہزار 61 زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ بھی کیا تھا، جس کے بعد خطے میں جنگ بندی کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔