تہران: دشمن کی جارحیت ناکام بنا دی گئی:اسماعیل بقائی

تہران(ایرانی وزارت خارجہ، فارس نیوز ایجنسی)ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات ہونیوالی مبینہ جارحیت کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور دشمن کی کارروائی کو مکمل طور پر پسپا کر دیا گیا ہے۔

تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور جنگ بندی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسماعیل بقائی کے مطابق یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، تاہم ایرانی مسلح افواج نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے دشمن کو نقصان پہنچایا اور اس کی پیش قدمی روک دی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بظاہر جنگ بندی برقرار ہے، لیکن ایران کی افواج مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ایرانی پرچم بردار آئل ٹینکروں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور امریکا کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں ایرانی اور امریکی بحری جہازوں کے درمیان وقفے وقفے سے کشیدگی اور جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران سے منسلک دو جہازوں کو نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر ایک ایرانی بندرگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔