تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات

تہران(ایرانی میڈیا)ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور سفارتی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق ان ملاقاتوں میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے، جو ان دنوں ایران میں اہم سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن و استحکام کے فروغ اور مغربی ایشیا کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر گزشتہ روز امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کوششوں کے سلسلے میں تہران پہنچے تھے۔یہ دورہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب امریکی جنگ بندی تجاویز پر ایران اپنے ردِعمل کے قریب بتایا جا رہا ہے، جبکہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی مذاکراتی عمل سے متعلق مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔