تہران: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات

تہران(ایرانی میڈیا، آئی ایس پی آر)ایرانی میڈیا کے مطابق عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سےملاقات ہوئی ہے، جسے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور کسی ممکنہ پیش رفت کیلئےاہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں مصروف دن گزارا، جہاں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی، جو ایرانی حکومت میں ایک بااثر شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

مزید برآں فیلڈ مارشل کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورۂ تہران ایران اور امریکا کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کا حصہ ہے، اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ایرانی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ عاصم منیر نے کمانڈر خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا تو وہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔