ٹوکیو(جاپانی میڈیا، جاپان محکمۂ موسمیات)طوفان میکھالا اور ہیگوس کے باعث جاپان کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق یانائی شہر میں 350 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ یاماگوچی پریفیکچر میں شدید بارشوں کے باعث مٹی کا تودہ ایک گھر پر آ گرا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی اور ایک شخص لاپتہ ہو گیا۔
شدید بارشوں کے باعث سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کے خطرات کے پیش نظر ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
جاپان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان ہیگوس کمزور ہو کر بحرالکاہل کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ طوفان میکھالا جاپان کے بحرالکاہل سے متصل ساحلی علاقوں کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے۔محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفانوں کے اثرات کے باعث آج اور کل مزید شدید بارش کا امکان ہے۔

