جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم قرار، نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد(نمائندگان)آزاد جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ داخلہ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تنظیم پر امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے، ریاست میں انتشار پھیلانے اور عوام میں خوف و عدم تحفظ پیدا کرنے کے الزامات ہیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنظیم نفرت انگیز سرگرمیوں اور امن و امان متاثر کرنے میں ملوث رہی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ تنظیم کے تمام متبادل نام بھی نوٹیفکیشن میں شامل کر لیے گئے ہیں اور اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت آزاد جموں و کشمیر کے مطابق ریاست میں امن، قانون کی عملداری اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی گروہ کو ریاستی نظم و ضبط کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔