جنوبی بھارتی اداکار وجے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بن گئے، حلف اٹھا لیا

چنئی (بھارتی میڈیا)جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ہونیوالے ریاستی انتخابات کے بعد معروف اداکار سے سیاستدان بننے والے جوزف وجے ریاست کے 13ویں وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔وجے نے اتوار کے روز چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں، پارٹی کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔

جوزف وجے نے فروری 2024 میں اپنی سیاسی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگم (ٹی وی کے) قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فلمی دنیا کو خیرباد کہا تھا۔ ان کی جماعت نے اپنے پہلے ہی انتخاب میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی اور 108 نشستیں جیت کر بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئی۔

234 رکنی ایوان میں حکومت سازی کے لیے 118 نشستیں درکار تھیں، جو اتحاد کے ساتھ حاصل کی گئیں، جس کے بعد وجے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے عوامی فلاح کے لیے ابتدائی فیصلوں کا اعلان کیا، جن میں گھریلو صارفین کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی، خواتین کی حفاظت کے لیے خصوصی فورس اور ہیلپ لائن، اور منشیات کے خلاف مربوط حکمت عملی شامل ہے۔

اپنے خطاب میں وجے نے کہا کہ ان کی حکومت شفافیت اور عوامی خدمت پر مبنی ہوگی اور کسی کو بھی من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکولرازم اور سماجی انصاف کے اصولوں پر عمل کریں گے اور تمام مذاہب کے شہریوں کی نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے خود کو عوام کا نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عام پس منظر سے اٹھ کر اس مقام تک پہنچے ہیں اور ان کی حکومت ایک نئے دور کا آغاز ہے۔