جنوبی لبنان میں ڈرون حملے، ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

بیروت ( رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ، بی بی سی)جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کی جانب سے کیے گئے مبینہ ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 19 سالہ سارجنٹ لیم بن ہامو کے طور پر ہوئی ہے، جو گولانی بریگیڈ کی 13ویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق صبح کے وقت جنوبی لبنان کے علاقے قنطرہ میں تعینات اسرائیلی فوجیوں پر دو دھماکا خیز ڈرون فائر کیے گئے۔ فوج کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون کو راستے میں ہی مار گرایا گیا تاہم دوسرا ڈرون اہلکاروں کے قریب آ کر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

حزب اللّٰہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے قنطرہ میں اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔ تنظیم کے مطابق اس نے شمالی اسرائیل کے سرحدی علاقے شومیرا کے قریب بھی ایک ڈرون حملہ کیا جس میں فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا اور 12 اہلکار زخمی ہوئے۔

دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو بچے اور پانچ خواتین شامل ہیں، جبکہ 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔