جنگ میں فتح حاصل کرچکے، اب اسے سیاسی اور قانونی طور پر مستحکم بنانا ہوگا: باقر قالیباف

تہران (تسنیم، پریس ٹی وی، خبر ایجنسیاں)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ میں فتح حاصل کرچکا ہے اور اب اس فتح کو سیاسی اور قانونی دستاویزات کی صورت میں مستحکم بنانا ضروری ہے۔

باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو روشن مستقبل کی امید اور بہتر آنے والے وقت کے وژن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط ایران کے لیے قومی اتحاد اور قیادت کے گرد یکجہتی برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی اس وقت تک مکمل فائدہ نہیں دیتی جب تک اسے سیاسی اور قانونی شکل نہ دی جائے، اسی لیے سفارت کاری اور عسکری کامیابی ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست میری لینڈ میں واقع کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران پر سخت حملے جاری رکھے گا اور واشنگٹن کا مقصد جنگ میں فتح حاصل کرنا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا صرف کامیابی چاہتا ہے، موجودہ صورتحال میں جہاں تک ممکن ہو نرمی سے کام لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم ان کے بقول ایران کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔