جیکب آباد میں پسند کی شادی پر بستی نذرِ آتش، دہشتگردی کا مقدمہ درج

جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد کے گاؤں صدیق آرائیں میں پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد نے150 کے قریب گھروں کو آگ لگا دی جبکہ اندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق 12 نامزد اور 32 نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی جیکب آباد کا کہنا ہے کہ واقعہ 5 مئی کو پیش آیا، اب تک 5 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گاؤں صدیق آرائیں اور گاؤں غازی خان چنہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے حیدرآباد کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد مشتعل افراد نے بستی کو آگ لگا دی۔واقعے کے نتیجے میں درجنوں خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔