لاہور+اسلام آباد +نوشہرہ+ڈی آئی خان(خبر ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کی کال پر ملک کے مختلف شہروں اور اہم شاہراہوں پر ہونے والے احتجاج ختم کر دیے گئے، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا اور بیشتر مقامات پر صورتِ حال معمول پر آگئی۔
لاہور پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے گرفتاری دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ کراچی میں الآصف اسکوائر کے قریب ٹریفک جام میں اسکول کے بچوں کی 3 وینیں پھنس گئیں۔ بچے ایک تفریحی مقام سے واپس آرہے تھے۔ حیدرآباد سے کراچی آنے والی گاڑیوں کا رخ پنجاب اڈے سے موڑ دیا گیا۔
پشاور میں موٹروے ایم ون، مالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے اور بھیرہ انٹرچینج کے مقام پر موٹروے ایم ٹو ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔ بٹگرام میں ہزارہ ایکسپریس وے اور خیبر میں تختہ بیگ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ بھی بحال کردی گئی۔
نوشہرہ میں رشکئی انٹرچینج کے قریب جی ٹی روڈ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ چیک پوسٹ پر بھی آمدورفت بحال ہوگئی، تاہم بنوں کے لنک چوک پر شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔
سکرنڈ بائی پاس پر جے یو آئی (ف) کا دھرنا ختم ہونے کے بعد ٹریفک بحال کرنے کا عمل شروع کردیا گیا، تاہم سڑک پر پھنسی گاڑیوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ پولیس کی بھاری نفری ٹریفک کی روانی بحال کرانے میں مصروف رہی۔ لاہور میں چوہنگ کے قریب ملتان روڈ پر ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو پیدل سفر کرنا پڑا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں مستونگ، قلات اور خضدار میں قومی شاہراہ این 25 جبکہ قلعہ سیف اللہ میں این 50 پر آمدورفت متاثر رہی۔ گلگت بلتستان میں چلاس اور تھور کے مقامات پر شاہراہِ قراقرم پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ادھر پشاور میں موٹروے ٹول پلازہ کے قریب احتجاج اور موٹروے بند کرنے پر جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ تھانہ چمکنی میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مظاہرین نے موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کیا اور مذاکرات سے انکار کیا۔ مظاہرین نے 4 سے 5 گھنٹے تک موٹروے بند رکھی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جے یو آئی کے 19 عہدیداروں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق جے یو آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے گزشتہ روز چشمہ چیک پوسٹ پر احتجاج کیا تھا، جس کے باعث شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک سڑک بند رہی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

