حوثی تنظیم انصار اللہ کا سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں پر حملے کا دعویٰ

صنعاء (انصار اللہ، برطانوی میری ٹائم ایجنسی) یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔

انصار اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نشانہ بنائے گئے سعودی آئل ٹینکروں نے گروپ کی جانب سے عائد کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی، جس کے باعث ان پر کارروائی کی گئی۔

اس سے قبل برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر الشقیق سے تقریباً 70 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ایک جہاز میں آگ لگ گئی۔

ٹینکر کے کپتان کے مطابق جہاز کو میزائل لگنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔تاحال سعودی حکام کی جانب سے حوثیوں کے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔