حکومت کا ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کیلئے گھروں کی تعمیر میں تیزی کا اعلان

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے اونٹاریو کے ساتھ مل کر ہاؤسنگ بحران پر قابو پانے کیلئے نئی شراکت داری قائم کردی ہے، جس کے تحت گھروں کی تعمیر میں تیزی اوراخراجات میں کمی لانے پر توجہ دی جائیگی۔

رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد رہائش کو زیادہ قابل برداشت بنانا اور شہروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی سطح پر مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے انفراسٹرکچر بہتر بنا کر تعمیراتی عمل کو تیز کیا جائیگا۔

منصوبے کے تحت ان بلدیاتی اداروں کو مالی معاونت دی جائیگی جو ڈیولپمنٹ چارجز میں 50 فیصد تک کمی کرینگے، یہ چارجز گھروں کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ سمجھے جاتے ہیں۔

حکومت کے مطابق آئندہ دہائی میں پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں سمیت بنیادی ڈھانچے پر اربوں ڈالر خرچ کیے جائیں گے تاکہ نئے ہاؤسنگ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا سکے۔

سونیا سدھو نے کہا کہ اس شراکت داری سے تعمیراتی لاگت میں کمی، بلدیاتی اداروں کو استحکام اور شہریوں کو مزید گھروں کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔