خواجہ ندیم احمد چوتھی مرتبہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب

لاہور کی کرکٹ کا بژا نام خواجہ ندیم احمد چوتھی مرتبہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ خواجہ ندیم احمد، جو خود بھی ایک سابق فرسٹ کلاس کرکٹر رہ چکے ہیں، گزشتہ کئی برسوں سے لاہور کی کرکٹ کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے آ رہے ہیں۔ خواجہ ندیم احمد پہلی مرتبہ 2010 میں لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ منتخب ہوئے تھے، انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی لاہور کی کرکٹ کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا۔

خواجہ ندیم احمد کا دوسرا دور 2014 سے 2017 تک جاری رہا، جس میں انہوں نے اپنی کامیاب پالیسیوں کے تسلسل کو برقرار رکھا۔ اس عرصے کے دوران بھی لاہور ریجن نے مختلف قومی ٹائٹلز اپنے نام کیے جن میں انڈر-19 نیشنل ٹی ٹوئنٹی سمیت متعدد اہم مقابلے شامل تھے۔

ان کا تیسرا دورِ صدارت 2023 سے 2026 تک محیط رہا، جسے لاہور کی کرکٹ کی تاریخ کے سنہری ادوار میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ خواجہ ندیم احمد کی زیرِ قیادت لاہور ریجن نے متعدد قومی اعزازات اپنے نام کیے جن میں دو مرتبہ انڈر-15 قومی چیمپئن شپ، ایک مرتبہ انڈر-17 قومی چیمپئن شپ، ایک مرتبہ انڈر-19 قومی چیمپئن شپ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی سمیت دیگر اہم ٹائٹلز شامل ہیں۔

اسی دور میں انہوں نے انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹس سے قبل “چیلنج کپ” کے مقابلوں کا آغاز کیا، جسے بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر میں نافذ کیا۔ انہوں نے روایتی اور نام نہاد ٹرائلز کے نظام کو محدود کرتے ہوئے کارکردگی کی بنیاد پر سلیکشن کے عمل کو فروغ دیا۔

اس مرتبہ بھی خواجہ ندیم احمد بلا مقابلہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ لاہور کے پانچوں زونز میں خواجہ ندیم گروپ کے نامزد امیدواروں نے تمام 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ مخالف گروپ کوئی نشست حاصل نہ کر سکا۔ یہ کامیابی اس اعتماد کی عکاس ہے جو لاہور کے تقریباً 95 فیصد کلبز خواجہ ندیم احمد کی قیادت پر رکھتے ہیں۔ اپنی محنت، بصیرت اور بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے انہوں نے لاہور کے تقریباً 170 کلبز کے دل جیتے اور کرکٹ کی خدمت کو اپنی پہچان بنایا۔