لاڑکانہ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو شہدا کے شہر لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے سندھ کے دورے کے بقیہ مرحلے کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو لاڑکانہ میں خوش آمدید کہتے ہیں، جو شہدا کا شہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بالآخر برداشت، احترام اور بقائے باہمی کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، کیونکہ یہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔
بلاول بھٹو کے پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ جمہوریت کا حسن سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی، آزاد عدلیہ، عوامی مینڈیٹ کے احترام، خودمختار پارلیمنٹ اور آزاد صحافت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف کسی بھی قسم کے چور دروازے کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
سہیل آفریدی ان دنوں سندھ کے پانچ روزہ دورے پر ہیں، جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف شہروں میں سیاسی و عوامی رابطہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان کے قافلے کو شاہدادکوٹ میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے خوش آمدید کہا۔

