پٹایا :نشے میں جھگڑا، ابراہم لنکن کے 2 اہلکار جہاز تک محدودکردئیے گئے

پٹایا ( ایم ایس ناؤ) تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں شراب کے نشے میں جھگڑنے والے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے 2 اہلکاروں کو پولیس نے حراست میں لے کر امریکی بحریہ کے حکام کے حوالے کردیا، جنہیں بعد ازاں باقی پورٹ قیام کیلئے جہاز تک محدود کردیا گیا۔

تھائی پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً ڈیڑھ بجے پٹایا کی معروف واکنگ اسٹریٹ کے قریب ایک بار کے باہر پیش آیا، جہاں 2 امریکی اہلکار آپس میں لڑ پڑے۔ ایک تھائی شہری کی جانب سے ہنگامی نمبر پر اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور امریکی بحریہ کے رابطہ افسران موقع پر پہنچے۔

پٹایا پولیس کے سپرنٹنڈنٹ کرنل انیک سری تھونگ یو نے واقعے کو معمولی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں امریکی اہلکار نشے میں تھے اور ایک تھائی شہری کو خدشہ تھا کہ جھگڑا مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

پولیس اور امریکی بحریہ کے اہلکار دونوں امریکیوں کو پٹایا کے ہارڈ راک کیفے میں قائم مشترکہ آپریشنز سینٹر لے گئے، جہاں ابتدائی کارروائی کے بعد انہیں واپس یو ایس ایس ابراہم لنکن منتقل کردیا گیا۔

تھائی پولیس افسر کے مطابق امریکی بحریہ کے حکام نے روزانہ ہونے والے سکیورٹی اجلاس میں بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو پورٹ قیام کے اختتام تک جہاز سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کرنل انیک کا کہنا تھا کہ تھائی پولیس کسی امریکی فوجی کو اسی صورت گرفتار کرے گی جب واقعے میں کوئی تھائی شہری متاثر ہو یا امریکی اہلکار تھائی قوانین کی خلاف ورزی کرے۔ ان کے مطابق انہوں نے امریکی بحریہ کے حکام کو اس حوالے سے واضح طور پر آگاہ کردیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ابراہم لنکن کے عملے کو اپنے رویے کے ممکنہ نتائج سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک اس پورٹ قیام کے دوران امریکی اہلکاروں سے متعلق یہی واحد سکیورٹی واقعہ سامنے آیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب تقریباً 5 ہزار امریکی سیلرز اور میرینز پر مشتمل ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ کئی ماہ کی جنگی تعیناتی کے بعد تھائی لینڈ میں اپنے پہلے بندرگاہی قیام پر ہے۔ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز نے ایران جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ میں طویل عرصہ آپریشنل کارروائیوں میں گزارا ہے۔