اسلام آباد / خیبرپختونخوا (آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں باڑہ اور بنوں کے علاقوں میں کی گئیں، جہاں باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 خوارج مارے گئے۔
بنوں میں کارروائی کے دوران 3 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئےقومی عزم مضبوط ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خوارج کا انجام عبرتناک موت ہے اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائیگا، قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

