اسلام آباد (نامہ نگار)خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق ممکنہ فیصلوں کے پیشِ نظر وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق قبائلی علاقوں کے ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ صوبے میں اہم اختیارات وفاق کے استعمال میں دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کی متعلقہ شقوں کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

