دو سابق چینی وزرائے دفاع کو کرپشن کیس میں معطل سزائے موت

بیجنگ ( چینی سرکاری میڈیا)چین میں کرپشن کے سنگین الزامات ثابت ہونے پر دو سابق وزرائے دفاع کو فوجی عدالت نے معطل سزائے موت کی سزا سنا دی ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وی فینگہے اور لی شانگفو کو رشوت ستانی کے مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا۔ وی فینگہے 2018 سے مارچ 2023 تک چین کے وزیر دفاع رہے جبکہ لی شانگفو ان کے بعد وزیر بنے لیکن چند ماہ بعد انہیں بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

عدالت کے مطابق دونوں سابق وزراء کو سزائے موت سنائی گئی ہے تاہم اس سزا پر دو سال کی معطلی ہوگی، جس کے بعد اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا جائیگا۔ دونوں کو پیرول کی سہولت بھی نہیں دی جائے گی۔

چینی حکام کے مطابق دونوں کیخلاف 2023 میں فوج کے انسدادِ بدعنوانی ادارے نے تحقیقات شروع کی تھیں، جس میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور رشوت کے الزامات سامنے آئے۔یہ فیصلہ چین میں اعلیٰ سطح پر جاری انسدادِ بدعنوانی مہم کا ایک اہم کیس قرار دیا جا رہا ہے۔