مسی ساگا(نمائندہ خصوصی)مسی ساگا کی وارڈ 7 (ککس وِل) کی سٹی کونسلر اور اونٹاریو کی سابق صوبائی وزیر دیپیکا ڈامرلا نے آئندہ میئرشپ کے انتخاب کیلئےاپنی مہم تیز کرتے ہوئے شہریوں سے حمایت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ انتخابی ناکامی کے باوجود ان کا مسی ساگا کے مستقبل پر اعتماد اور عوامی خدمت کا جذبہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔
اپنے انتخابی پیغام میں دیپیکا ڈامرلا نے کہا کہ ثابت قدمی اور حوصلہ مندی کا اصل مطلب یہ ہے کہ مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد دوبارہ کھڑا ہوا جائے، اپنی غلطیوں سے سیکھا جائے اور عوام کی خدمت کے عزم کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ضمنی انتخاب کے نتائج یقیناً ان کی توقعات کے مطابق نہیں تھے، تاہم اس سے مسی ساگا کیلئے ان کی وابستگی اور محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخاب ماضی کے نتائج پر نہیں بلکہ شہر کے مستقبل پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق مسی ساگا ایک عظیم شہر ہے جس میں ترقی اور خوشحالی کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور درست قیادت کے ذریعے شہر کو مزید محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔
دیپیکا ڈامرلا نے مالی شفافیت اور جوابدہی کو اپنی انتخابی مہم کا اہم نکتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو یہ جاننے کا مکمل حق حاصل ہے کہ ان کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والا ہر ڈالر کہاں اور کس مقصد کیلئےخرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اگر انہیں عوام کی خدمت کا موقع ملا تو بلدیاتی امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کو ہر فیصلے سے باخبر رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسی ساگا کے رہائشی ایک ایسے شہر کے مستحق ہیں جہاں عوام خود کو محفوظ محسوس کریں، ان کی آواز سنی جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ان کے بقول مسی ساگا کے خاندان ایسی قیادت چاہتے ہیں جو ٹیکس دہندگان کے پیسے کا احترام کرے عوامی رائے کو اہمیت دے اور عملی نتائج فراہم کرے۔
دیپیکا ڈامرلا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مسی ساگا کے بہترین دن ابھی آنے والے ہیں اور شہر کو ایسی قیادت درکار ہے جو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کر سکے۔
دیپیکا ڈامرلا دسمبر 2018 سے مسی ساگا سٹی کونسل میں وارڈ 7 کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ 2011 سے 2018 تک اونٹاریو اسمبلی میں مسی ساگا ایسٹ—ککس وِل سے لبرل رکن منتخب رہیں۔ وہ سابق وزیرِاعلیٰ کیتھلین وِن کی حکومت میں بزرگوں کے امور کی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
مارچ 2024 میں انہوں نے مسی ساگا کے میئر کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس انتخاب میں وہ 19.4 فیصد ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہی تھیں جبکہ کیرولین پیرش کامیاب قرار پائی تھیں۔ دیپیکا ڈامرلا اب ایک بار پھر میئرشپ کیلئے میدان میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ شہر کے بہتر، محفوظ اور خوشحال مستقبل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

