واشنگٹن/ماسکو/کیف(رائٹرز، عالمی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان 3 روز کیلئے جنگ بندی ہو گئی ہے۔واشنگٹن سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان 9، 10 اور 11 مئی کے دوران جنگ بندی برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ بندی دوسری جنگِ عظیم میں فتح کی تقریبات کے موقع پر عمل میں آئی ہے، جس کے دوران ہر قسم کی عسکری کارروائیاں معطل رہیں گی جبکہ دونوں ممالک ایک، ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ بھی کریں گے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی ان کی درخواست پر ہوئی اور وہ اس پر اتفاق کرنے پر روسی اور یوکرینی صدور کو سراہتے ہیں۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ یہ طویل، خونریز اور سخت جنگ کے خاتمے کی جانب پہلا اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ تنازع کے مستقل حل کیلئے مذاکرات بھی جاری ہیں۔دوسری جانب یوکرینی صدروولودیمیر زیلنسکی نے بھی تین روزہ جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران روس اور یوکرین ایک، ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ کریں گے۔
ادھر روسی وزارتِ دفاع نے بھی تصدیق کی ہے کہ دوسری جنگِ عظیم کے یومِ فتح کے موقع پر 8 مئی کی رات سے 10 مئی تک عارضی جنگ بندی نافذ کی جائے گی۔یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن نے گزشتہ ماہ 9 مئی کے موقع پر یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ روس یومِ فتح کی تقریبات کے دوران جنگ بندی کیلئے تیار ہے۔

