روٹرڈیم:”میری فوج میرا پاکستان“ پروگرام، اوورسیز پاکستانیوں کا اظہارِ تشکر

روٹرڈیم (فہیم النبی سے)اسلامک سنٹر روٹرڈیم کے زیر اہتمام ”میری فوج میرا پاکستان“ کے عنوان سے ایک فقیدالمثال پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ہالینڈ اور بلجیئم میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے افواجِ پاکستان اور ملک کے مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ ملک وقاص خالد نے پیش کی۔ تقریب کے منتظمین ساجد بشیر، اویس بشیر، فرخ بشیر اور طلعت بشیر نے کمیونٹی کو مسجد میں مدعو کرنے کے اقدام کو اتحاد اور یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ ایسے پروگرامز پاکستان اور افواجِ پاکستان کیلئے یکجہتی اور کامیابی کا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وابستگی کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ سبز ہلالی پرچم سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی کشیدگی کے ماحول میں پاکستان کی قیادت نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔حضرت علامہ افتخار احمد چشتی نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کے دوقومی نظریے پر روشنی ڈالی اور افواجِ پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

سینئر صحافی و تجزیہ نگار راجہ فاروق نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت ملی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کی سربلندی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔اسلامک سنٹر روٹرڈیم کے امام و خطیب اشفاق احمد، صدر علی رضا محسن اور سفارتخانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری جنید رضا نے بھی اپنے خطابات میں پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

تقریب کے دوران پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی جبکہ شرکاء نے اسلام آباد مذاکرات کو عالمی امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔پروگرام میں ورلڈ اسلامک مشن یورپ کے صدر حاجی قمر زمان اور عدیل چوہدری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض چوہدری سعید نے انجام دیے۔