ریاض:سعودی عرب نے ایران کی عسکری کارروائیوں کی مذمت کردی

ریاض(سعودی وزارتِ خارجہ، ایس پی اے، رائٹرز، اے ایف پی)سعودی عرب نے ایران کی حالیہ عسکری کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے مسلسل اقدامات خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ بیان میں ایران کی جانب سے ہمسایہ ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔

بیان میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، خودمختاری کے احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد ایران نے عُمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق عُمان کی بندرگاہ دُقم میں امریکی بحریہ کے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن کی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، جبکہ قطر کے العدید فضائی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے زیر استعمال پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گوداموں اور ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ علاوہ ازیں اردن کے سلطان حسن ایئر بیس پر امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگر کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

تاہم ایران کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ امریکا اور متعلقہ ممالک کی جانب سے ان حملوں کی تفصیلات پر باضابطہ ردِعمل کا انتظار ہے۔