سائبیریا (روسی وزارتِ ہنگامی حالات، روسی میڈیا رپورٹس)جھیل بائیکال میں 18 افراد کو لے جانے والا ہوورکرافٹ الٹنے سے کم از کم 5 سیاح ہلاک جبکہ 13 افراد کو بچا لیا گیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق “سیور-750” نامی ہوورکرافٹ منگل 19 مئی کو جھیل کے کنارے سے تقریباً 100 فٹ دور حادثے کا شکار ہوا۔روس کی وزارتِ ہنگامی حالات کے مطابق امدادی ٹیموں نے موقع سے 5 لاشیں برآمد کیں جبکہ 13 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والی ایک خاتون کو ٹانگ میں چوٹ آنے پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کئی افراد کو شدید سردی کے باعث جسمانی درجہ حرارت کم ہونے کی شکایت ہوئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیاحوں کا یہ گروپ ایک منظم سیاحتی دورے پر آیا تھا اور بیشتر افراد کا تعلق ماسکو سے تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہوورکرافٹ کے کپتان نے کشتی کو برف پر چڑھایا اور پھر برف سے پانی میں چھلانگ لگائی، جس کے بعد کشتی کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گئی۔
روسی میڈیا کے مطابق ہوورکرافٹ تکنیکی طور پر درست حالت میں تھا، تاہم اس میں گنجائش سے زیادہ مسافر اور بھاری سامان موجود تھا جبکہ کشتی میں صرف 10 افراد کی گنجائش تھی۔سیاحتی گائیڈ نتالیہ، جو اس ہوورکرافٹ کی مالک بھی ہیں، نے بتایا کہ اس قسم کی کشتیوں کا ڈیزائن غیر مستحکم ہوتا ہے اور یہ پانی میں اکثر الٹ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہوورکرافٹ دریاؤں کے لیے موزوں ہیں جبکہ جھیل بائیکال سمندر جیسی لہروں اور تیز ہواؤں والی جھیل ہے، جہاں خراب موسم میں ایسی کشتی آسانی سے الٹ سکتی ہے۔روسی تحقیقاتی کمیٹی اور بوریات ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر آفس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

