اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی سابق وفاقی وزیرِ صحت کمل کھیرا کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس، ریاست کیلیفورنیا میں کینیڈا کی نئی قونصل جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری کینیڈین حکومت کی جانب سے امریکہ میں اپنے سفارتی مشنز میں کی جانے والی اہم تبدیلیوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات کو مؤثر بنانا، سرحدی تعاون کو مضبوط کرنا اور کینیڈا کے معاشی و سفارتی مفادات کا مزید مؤثر انداز میں تحفظ کرنا ہے۔
قونصل جنرل کی حیثیت سے کمل کھیرا لاس اینجلس اور امریکی مغربی ساحلی ریاستوں میں کینیڈا کی نمائندگی کریں گی۔ وہ کینیڈا اور امریکہ کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری، ثقافتی اور قونصلر تعلقات کے فروغ کے ساتھ وہاں مقیم کینیڈین شہریوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی کی نگرانی بھی کریں گی۔ ان کی ذمہ داریوں میں کاروباری روابط کو وسعت دینا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا بھی شامل ہوگا۔
اپنی تقرری پر کمل کھیرا نے وزیراعظم مارک کارنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکہ میں “ٹیم کینیڈا” کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کینیڈا کے سفیر کے ساتھ مل کر کینیڈین کارکنوں، کاروباری اداروں اور برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام کریں گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب کینیڈا اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی سلامتی اور اقتصادی تعاون سے متعلق اہم معاملات زیرِ بحث ہیں۔ حکومت کو توقع ہے کہ نئی سفارتی ٹیم دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور کینیڈا کے قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس سلسلے میں کینیڈین حکومت نے امریکہ میں اپنی سفارتی نمائندگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد نئی تقرریوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ اینڈریا کلیمنٹس کو ڈیٹرائٹ میں کینیڈا کی قونصل جنرل مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ کولن برڈ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ کلیئر کینیڈی شکاگو میں میڈلین فیکیئر کی جانشین ہوں گی، جبکہ سوزانا پیئرس کو نیویارک میں قونصل جنرل مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ ٹام کلارک کی جگہ خدمات انجام دیں گی۔ اسی طرح کمل کھیرا لاس اینجلس میں زیب شیخ اور عبوری قونصل سلوی بیڈارڈ کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ تمام نئے قونصل جنرل آئندہ چند ہفتوں کے دوران اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔
کینیڈا کی وزیرِ خارجہ نے سبکدوش ہونے والے تمام قونصل جنرلز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کینیڈا اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔

