سرکاری جہاز میں جانے کے سارے اخراجات پونے تین کروڑ خود ادا کیے: مریم نواز

ملتان (نامہ نگار) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سرکاری جہاز میں جانے پر تنقید کی جا رہی ہے، لیکن اس کے سارے اخراجات پونے تین کروڑ روپے انہوں نے خود ادا کیے ہیں۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جہاز پر تنقید ہو رہی ہے، وہ جہاز مریم نواز کا نہیں بلکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کا ہے، چاروں وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بیٹی کی گریجویشن تقریب میں سرکاری جہاز میں جانے پر تنقید کی جا رہی ہے، لیکن بتانا چاہتی ہوں کہ اس کے سارے اخراجات پونے تین کروڑ روپے خود ادا کیے ہیں۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے، انہیں کسی نے نہیں پوچھا، وہ سڑک پر بیٹھے رہے، پنجاب کے عوام نے انہیں پہچاننے سے انکار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے انہیں مسترد کیا تو وہ خودساختہ اغوا ہوئے، انہوں نے کرسی مانگی تو کرسی دینے سے انکار کردیا گیا کہ کرسی چوری ہوجائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی کاموں پر بہت تنقید ہوتی ہے، اس ترقی کو دیکھ کر جو آئینہ دکھایا جا رہا ہے، تنقید اس پر ہو رہی ہے۔وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حق سے دوسرے صوبوں کو دیا ہے۔