تہران (ایرانی میڈیا، بی بی سی) ایرانی رہبرِ انقلاب کے سیاسی مشیر محمد باقر ذوالقدر نے کہا ہے کہ جب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، ایران آبنائے ہرمز نہیں کھولے گا۔
محمد باقر ذوالقدر نے اپنے بیان میں آبنائے ہرمز کی بندش کو ایرانی قوم کے ’’انتقام کے پہلے مرحلے‘‘ سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم 200 شب و روز سے استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کر رہی ہے، جو گزشتہ 50 برس سے اپنی شناخت، آزادی، وجود اور اعلیٰ اہداف کا دفاع کر رہی ہے۔
ذوالقدر نے کہا کہ یہ اس دشمن کے لیے ڈراؤنا خواب ہے جو ایرانی قوم کو تین دن میں شکست دینے آیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم نے جارح دشمن کے دانت توڑنے، سامراجیوں کو پسپا کرنے اور تیل کے عالمی مافیاز کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے ایرانی سرزمین سے دور رکھنے کا عزم کیا ہے۔
محمد باقر ذوالقدر نے کہا کہ ایرانی قوم اپنے شہید رہبر، میناب کے بچوں اور ہزاروں مظلوم شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی جنگجو ٹرمپ اور نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹائے جانے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولیں گے۔

