سرگودھا: 7 سالہ بچی سے زیادتی کی تصدیق، موت شہ رگ کٹنے سے ہوئی:پوسٹ مارٹم رپورٹ

سرگودھا (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)سرگودھا میں قتل کی جانے والی 7 سالہ بچی منتہا زہرہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جنسی زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے، جبکہ رپورٹ کے مطابق بچی کی موت شہ رگ کٹنے کے باعث واقع ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے چہرے اور ماتھے کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے سات نشانات بھی پائے گئے۔

دوسری جانب مقتولہ کے اہلِ خانہ نے تفتیشی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ نگرانی کے کیمروں کی مدد سے بچی کی لاش عمارت کی تیسری منزل سے ملی، واقعے کے وقت دکان میں پانچ افراد موجود تھے، اس لیے تمام افراد سے مکمل تفتیش کی جانی چاہیے۔

واضح رہے کہ سات سالہ منتہا زہرہ کریانے کی دکان پر سامان خریدنے گئی تھی، جس کے بعد اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ گزشتہ روز مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے اہلِ خانہ نے اس کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ مقامی افراد نے اسے آبائی قبرستان میں دفنانے کی بھی اجازت نہیں دی۔