ریاض(سعودی وزارتِ دفاع، خبر ایجنسیاں)سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی صوبے اور دارالحکومت ریاض میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے حملہ آور ڈرون طیاروں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جس کے باعث تیل کی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملے عراقی سرزمین سے کیے گئے اور ان میں ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد ملیشیائیں ملوث ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی مسلح افواج کو عراق سے ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کی جانب سے کیے گئے حملوں کا مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق حاصل ہے۔

