مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) ڈکسی الیکٹرونکس اینڈ ہوم اپلائنسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم چوہدری کی سالگرہ کی تقریب میں دوستوں، اہلِ خانہ اور کمیونٹی کی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاسٹر نے ان کی صحت، درازیٔ عمر اور خوش حالی کیلئےخصوصی دعا کی۔
تقریب میں احسن ضیا،ناصربٹ، بابا عرفان ملک، پاسٹر مودی،جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی، سسٹر دینو اور اکشے سمیت دیگر احباب شریک ہوئے۔ شرکا نے سلیم چوہدری کو سالگرہ کی مبارک باد دی اور ان کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر سلیم چوہدری نے بتایاکہ سالگرہ کاکیک خصوصی طورپرسسٹردینونے گھرپر بنایاہے جومیرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں.

“اکشے کے خصوصی کلمات، سلیم چوہدری کو والد جیسی شخصیت قرار دے دیا”
اکشے نے سلیم چوہدری کی سالگرہ کے موقع پر ان کے نام اپنے تحریر کردہ خصوصی پیغام میں کہا کہ آپ میرے لئےمحض خیرخواہ نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہیں۔ زندگی کے مشکل ترین ادوار میں آپ نے ایک والد کی طرح میرا ساتھ دیا۔ آپ کی رہنمائی، شفقت اور تعاون نے ایسے وقت میں مجھے حوصلہ دیا جب مجھے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
اکشے نے مزید کہا کہ وہ سلیم چوہدری کے اس خلوص، محبت اور تعاون کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، طویل عمر، سکون اور مسکرانے کے بے شمار مواقع عطا فرمائے۔سلیم چوہدری نے جس محبت اور مہربانی سے دوسروں کے ساتھ برتاؤ کیا ہے، اللہ انہیں بھی اسی محبت اور خلوص سے نوازے۔ اکشے نے اپنے پیغام کے اختتام پرہندومذہب کے مطابق تعظیم کیلئےسلیم چوہدری کے قدم چھوئے اور انہیں دوبارہ سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلیم چوہدری نے کہا کہ زندگی میں اصل کامیابی دولت نہیں بلکہ دوستوں اور خاندان کی محبت ہے۔ اگر 25 سال گزرنے کے بعد بھی دوست اور اہلِ خانہ آپ کے ساتھ کھڑے ہوں تو یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوستوں اور عزیزوں کی بے غرض محبت اور خلوص انہیں بے حد خوشی اور حوصلہ دیتا ہے۔

سلیم چوہدری نے پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ بعض دوستوں اور ان کے خاندانوں سے ان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ بچوں کو بڑا ہوتے دیکھنا اور خاندانوں کے درمیان محبت، احترام اور تعلق برقرار رہنا ان کیلئے خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے پاسٹر کی خصوصی دعا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ ان کے دوست اور خیرخواہ ان کے لیے دعا کرتے ہیں۔ ان کے بقول، بے غرضی سے کی گئی دعا اور خلوص پر مبنی تعلقات زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
تقریب میں دوستوں کی جانب سے سلیم چوہدری کیلئے محبت اور احترام کے جذبات کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ انہوں نے کمیونٹی کی خدمت اور دوسروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے عزت اور مقام حاصل کیا ہے، جبکہ مشکل وقت میں دوستوں کا ساتھ دینا اور ان کی رہنمائی کرنا مضبوط تعلقات کی پہچان ہے۔
سلیم چوہدری نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دوستوں اور اہلِ خانہ کی موجودگی نے ان کی سالگرہ کو یادگار بنا دیا۔ تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شرکا نے ان کی صحت، خوشیوں اور طویل زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

