سکھر میں عدالتی تحویل میں دی گئی خاتون کا قتل، ماموں گرفتار

سکھر ( نامہ نگار)سکھر میں افسوسناک واقعے میں عدالتی حکم پر والد کی تحویل میں دی گئی ایک خاتون کو اس کے ماموں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا۔ایس ایس پی سکھر اظہر مغل کے مطابق مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی اور اسے عدالتی احکامات کے تحت تقریباً 10 روز قبل والد کی تحویل میں دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم ماموں کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ممکنہ ملزمان، جن میں خاتون کے والد اور شوہر بھی شامل ہیں، کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اس سے قبل جھانگڑو تھانے میں پناہ لی تھی اور بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے اسے دارالامان بھیجنے کا حکم دیا تھا۔بعد میں خاتون نے اپنے والد کے ساتھ جانے کا بیان عدالت میں ریکارڈ کرایا تھا، جس پر جج نے اسے والد کے ساتھ جانے کی اجازت دی تھی۔