پیرس(غیر ملکی میڈیا)فرانس میں شدید گرمی کی لہر کے باعث سپر مارکیٹس میں پنکھے اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنر خریدنے کیلئے خریداروں کے درمیان جھگڑے ہونے لگے، جبکہ صورتحال پر قابو پانے کیلئےکئی مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں کو طلب کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بڑی سپر اسٹور چین نے ملک بھر میں دو لاکھ پنکھے اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنر فروخت کیلئے پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد مختلف شہروں میں صبح سویرے ہی خریداروں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
پیرس کے مغربی علاقے نانتیئر میں واقع ایک اسٹور کے دروازے کھلتے ہی 100 سے زائد افراد اندر داخل ہو گئے۔ اس دوران پنکھے اور ایئر کنڈیشنر حاصل کرنے کی کوشش میں متعدد خریدار آپس میں الجھ پڑے، جبکہ صرف تقریباً 10 افراد ہی مطلوبہ سامان خریدنے میں کامیاب ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق ایک اور اسٹور میں چند ہی منٹوں میں تمام پنکھے اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنر فروخت ہو گئے، جبکہ آخری چند ڈبوں پر بھی خریداروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
واضح رہے کہ یورپ کے بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ اسپین میں جون کے دوران گرمی سے متعلق ایک ہزار 29 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جو 2015ء کے بعد جون کے مہینے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

