شمالی وزیرستان(آئی ایس پی آر)پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 22 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 مئی سے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 خوارج مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے مؤثر محاصرہ قائم کر رکھا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خوارج مقامی آبادی کو دھمکیوں اور جبر کے ذریعے اپنے زیرِ اثر رکھتے تھے اور محفوظ نقل و حرکت کیلئےشہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

