شہباز شریف کاڈیزل 135 اور پیٹرول 12 روپے فی لیٹر سستاکرنے کااعلان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے ڈیزل 135 روپے اور پیٹرول 12 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 366 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے اور حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے مہنگائی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتوں میں مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے حکومت نے 129 ارب روپے خرچ کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گندم کی کٹائی کے آغاز کے موقع پر کسانوں کے لیے لاگت کم کرنا ضروری ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے بجائے اب امن کی کوششیں جاری ہیں اور متعلقہ فریقین مذاکرات پر آمادہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے پاکستان کی دعوت پر آئے، اور پاکستانی قیادت نے عارضی جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 134 روپے 85 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت 11 روپے 83 پیسے کمی کے بعد 366 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 17 روپے 33 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 450 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 25 روپے 31 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 369 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔