شہید آیت اللّٰہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں سوا 4 کروڑ سے زائد افراد کی شرکت: ایرانی میڈیا

تہران (ایرانی سرکاری میڈیا)ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق رہبرِ انقلاب شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ، تدفین اور تعزیتی تقریبات پر مشتمل 6 روزہ آخری رسومات میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی۔

رپورٹس کے مطابق شہید رہبرِ انقلاب کو آخری الوداع کہنے کے لیے مشہد کی سڑکوں پر لاکھوں افراد جمع ہوئے، جبکہ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے ان تقریبات کو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ قرار دیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ اور تعزیتی تقریبات تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں منعقد ہوئیں، جبکہ مرکزی تقریب تہران کے گرینڈ مصلیٰ کمپلیکس میں ہوئی جہاں عوام نے شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کا آخری دیدار کیا۔

رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ آیت اللّٰہ سید مصطفیٰ خامنہ ای نے پڑھائی، جبکہ تقریبات میں ایران کے علاقائی اتحادیوں کے وفود بھی شریک ہوئے، جن میں حماس، اسلامی جہاد، حزب اللّٰہ اور حوثی نمائندے شامل تھے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں شہادت کے چار ماہ بعد مشہد میں امام علی رضاؑ کے روضۂ مبارک کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا۔